اسلام آباد ۔ ترکیہ کی خبر ایجنسی نے دعوی کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات کو رقم واپسی پر سعودی عرب اور قطر پاکستان کو 5 ارب ڈالر دیں گے۔
ترک میڈیا کے مطابق گزشتہ روز سعودی وزیرخزانہ نے وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی جس میں انہوں نے مشرق وسطی میں جاری کشیدگی کی وجہ سے بڑھتے ہوئے بیرونی دباؤ اور اخراجات کے پیش نظر پاکستان کو اپنی مالی مدد کا یقین دلایا۔
ترک میڈیا نے دعوی کیا کہ ملاقات میں پاکستان نے سعودی عرب سے مزید مالی امداد کی درخواست کی جس میں موجود و نقد ڈپازٹس میں اضافہ اور تیل کی سہولت کی مدت میں توسیع شامل ہے جو رواں ماہ کے آخر میں ختم ہونے والی ہے۔
ترک میڈیا کے مطابق اس اہم ملاقات میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سمیت دیگر اعلی پاکستانی حکام نے شرکت کی ، ملاقات کا محور اقتصادی تعاون اور سعودی عرب و متحدہ عرب امارات کے درمیان حالیہ کشیدگی کے تناظر میں علاقائی صورتحال رہی۔
ترک میڈیا کے مطابق سعودی عرب اور قطر نے پاکستان کو 5 ارب ڈالر کی مالی معاونت کی یقین دہانی کرائی ہے جس سے پاکستان کو کمزور زرمبادلہ ذخائر پر دباؤ کم کرنے اور بیرونی ادائیگیاں کرنے میں مدد ملے گی۔
ایک سینئر پاکستانی اہلکار کے مطابق پاکستان اپریل کے اختتام تک متحدہ عرب امارات کو 3.5 ارب ڈالر کا قرض واپس کرے گا کیونکہ ابوظہبی نے فوری ادائیگی کی درخواست کی ہے۔ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر اس وقت تقریبا 16.4 ارب ڈالر ہیں۔