حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
چین کی ایران کو دفاعی نظام فراہمی کی خبریں Home / بین الاقوامی /

چین کی ایران کو دفاعی نظام فراہمی کی خبریں

ایڈیٹر - 11/04/2026
چین کی ایران کو دفاعی نظام فراہمی کی خبریں

امریکی انٹیلی جنس ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ چائینہ آئندہ چند ہفتوں کے دوران ایران  کو جدید فضائی دفاعی نظام فراہم کرنے کی تیاری کر رہا ہے، جس سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این  کی رپورٹ کے مطابق یہ معلومات انٹیلی جنس جائزوں پر مبنی ہیں، جن میں کہا گیا ہے کہ بیجنگ ممکنہ طور پر اسلحے کی ترسیل براہِ راست کے بجائے تیسرے ممالک کے ذریعے کرنے پر غور کر رہا ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ چین کندھے پر رکھ کر چلائے جانے والے طیارہ شکن میزائل سسٹمز فراہم کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے، جو میدانِ جنگ میں فوری استعمال کے لیے مؤثر سمجھے جاتے ہیں۔

دوسری جانب واشنگٹن میں قائم چینی سفارتخانے نے ان دعوؤں کو یکسر مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیا ہے۔ سفارتی بیان میں کہا گیا کہ چین نے کبھی بھی کسی تنازع میں شامل فریق کو ہتھیار فراہم نہیں کیے اور نہ ہی ایسی کوئی پالیسی اختیار کی ہے۔

چینی حکام کا کہنا تھا کہ ایک ذمہ دار عالمی طاقت کے طور پر چین ہمیشہ اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کا احترام کرتا ہے اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے کام کرتا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ امریکی میڈیا میں زیر گردش یہ اطلاعات حقائق کے منافی ہیں اور امریکہ کو چاہیے کہ وہ غیر مصدقہ الزامات، گمراہ کن بیانات اور غیر ضروری سنسنی سے اجتناب کرے۔

چینی سفارتخانے نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشیدگی کم کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کرے اور ذمہ دارانہ سفارتکاری کو فروغ دے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق اگر یہ اطلاعات درست ثابت ہوتی ہیں تو یہ پیش رفت نہ صرف مشرقِ وسطیٰ بلکہ عالمی سطح پر طاقت کے توازن کو متاثر کر سکتی ہے، جبکہ اس کی تردید نے سفارتی محاذ پر ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔