اسلام آباد ۔ جنگ بندی میں پاکستان کے کردار اور سفارتی کوششوں کے بعد عالمی سطح پر پاکستان کے بارے میں رائے میں نمایاں تبدیلی دیکھی جارہی ہے۔
بین الاقوامی مبصرین اور سوشل میڈ یا تجزیات کے مطابق جنگ بندی کے اعلان کے بعد تقریباً 70 فیصد عالمی رائے پاکستان کے حق میں مثبت ہو گئی ہے، جبکہ پاکستان کو ممکنہ عالمی جنگ روکنے کا اہم کریڈٹ بھی دیا جا رہا ہے۔
دنیا بھر میں پاکستان کی سفارتی کامیابی کو سراہا جارہا ہے اور متعدد ممالک کے سیاسی و سفارتی حلقوں میں پاکستان کے کردار کو خطے میں کشیدگی کم کرنے کی موثر کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔ جنگ بندی کے بعد عالمی توجہ پاکستان پر مرکوز ہو گئی ہے اور پاکستان کو ایک ذمہ دار اور فعال ثالث کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
سوشل میڈیا پر بھی پاکستان کے حق میں غیر معمولی مثبت مہم دیکھنے میں آئی۔ "ThankyouPakistan#" عالمی سطح پر ٹرینڈ کرنے لگا، جبکہ ہزاروں صارفین نے پاکستان کی قیادت اور سفارتی ٹیم کو کشیدگی میں کمی لانے پر خراج تحسین پیش کیا۔
مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے صارفین نے اپنے پیغامات میں پاکستان کو امن کیلئے اہم کردار ادا کرنے والا ملک قرار دیا۔ دوسری جانب بھارتی وزیر خارجہ کے منفی بیانات بھی عالمی بحث کا حصہ بنے رہے۔ سوشل میڈیا اور بین الاقوامی حلقوں میں ان بیانات پر تنقید کی گئی اور متعد د مبصرین نے انہیں خطے میں تناؤ بڑھانے کی کوشش قرار دیا۔