اسلام آباد: وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان کرتے ہوئے عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تازہ اعلان کے مطابق ڈیزل کی قیمت میں 135 روپے فی لیٹر جبکہ پیٹرول کی قیمت میں 12 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔
نئی قیمتوں کے تحت ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 520 روپے سے کم ہو کر 385 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے، جبکہ پیٹرول کی قیمت 378 روپے سے گھٹ کر 366 روپے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔
جمعہ کے روز قوم سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ حکومت نے پہلے ہی وعدہ کیا تھا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ براہِ راست عوام تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت شدید مہنگائی کے دباؤ سے گزر رہا ہے اور عوام نے مشکل حالات کا صبر سے مقابلہ کیا ہے۔
وزیرِ اعظم کے مطابق عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کمی کے بعد انہیں یہ تجویز دی گئی تھی کہ اس ریلیف کا کچھ حصہ حکومتی اخراجات کے لیے محفوظ رکھا جائے، تاہم انہوں نے اس تجویز کو مسترد کرتے ہوئے فیصلہ کیا کہ عوام کو مکمل فائدہ دیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور یہی ذمہ داری مدنظر رکھتے ہوئے پیٹرولیم قیمتوں میں کمی کا پورا اثر عوام تک منتقل کیا گیا