پشاور: محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے ڈاکٹروں کی بھرتی کے طریقہ کار میں اہم تبدیلیاں کرتے ہوئے نیا میرٹ معیار متعارف کرا دیا ہے، جس کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا ہے۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق بھرتی کے نئے نظام میں امیدواروں کی تعلیمی کارکردگی کو مرکزی اہمیت دی گئی ہے، جس کے تحت مجموعی نمبرات میں 60 فیصد حصہ تعلیمی نمبرز پر مشتمل ہوگا۔ اس اقدام کا مقصد میرٹ کو مضبوط اور شفاف بنانا بتایا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ اعلیٰ تعلیم رکھنے والے امیدواروں کو اضافی 20 فیصد نمبر دیے جائیں گے، جبکہ انٹرویو کے لیے بھی 20 فیصد نمبر مختص کیے گئے ہیں۔ اس طرح مجموعی اسکور کو 100 فیصد کی بنیاد پر ترتیب دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق بھرتی کے عمل کو مزید منصفانہ بنانے کے لیے نئی درجہ بندی بھی متعارف کروائی گئی ہے، جس میں امیدواروں کی فرسٹ، سیکنڈ اور تھرڈ ڈویژن ڈگریوں کے مطابق نمبرز کی تقسیم کی جائے گی۔
اسی طرح اضافی تعلیمی اسناد رکھنے والے امیدواروں کے لیے بھی خصوصی پوائنٹس مقرر کیے گئے ہیں، جن کے تحت ایک، دو اور تین اضافی ڈگریوں پر بالترتیب 10، 15 اور 20 نمبر دیے جائیں گے۔
محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ نئے میرٹ سسٹم کے نفاذ سے بھرتی کے عمل میں شفافیت اور اہلیت کو فروغ ملے گا، جبکہ مستحق اور قابل امیدواروں کے انتخاب کو یقینی بنایا جا سکے گا۔