حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
آبنائے ہرمز غیر ملکی بحری جہازوں، بشمول امریکی بحری بیڑوں کے لیے بھی پرامن گزرگاہ، تاہم کسی بھی اشتعال انگیز اقدام کی صورت میں صورتحال تبدیل ہو سکتی ہے۔ ایران Home / بین الاقوامی /

آبنائے ہرمز غیر ملکی بحری جہازوں، بشمول امریکی بحری بیڑوں کے لیے بھی پرامن گزرگاہ، تاہم کسی بھی اشتعال انگیز اقدام کی صورت میں صورتحال تبدیل ہو سکتی ہے۔ ایران

ایڈیٹر - 10/04/2026
آبنائے ہرمز  غیر ملکی بحری جہازوں، بشمول امریکی بحری بیڑوں کے لیے بھی پرامن گزرگاہ، تاہم کسی بھی اشتعال انگیز اقدام کی صورت میں صورتحال تبدیل ہو سکتی ہے۔ ایران

تہران: ایران نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے غیر ملکی بحری جہازوں، بشمول امریکی بحری بیڑوں، کے لیے نئی شرائط کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ محفوظ گزرگاہ برقرار ہے، تاہم کسی بھی اشتعال انگیز اقدام کی صورت میں صورتحال تبدیل ہو سکتی ہے۔

ایران کے نائب وزیر خارجہ سعید خطیب زادہ نے مقامی میڈیا سے گفتگو میں واضح کیا کہ آبنائے ہرمز بین الاقوامی جہاز رانی کے لیے کھلی ہے، لیکن تکنیکی تقاضوں کے تحت جہازوں کو ایرانی سکیورٹی اداروں سے رابطہ رکھنا ہوگا تاکہ ان کے محفوظ سفر کو یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران نے مخصوص محفوظ راستے متعین کر رکھے ہیں، جن کے ذریعے بحری جہازوں کی آمد و رفت کو منظم اور محفوظ بنایا جا رہا ہے۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر کڑی تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ وہ تیل کی ترسیل کے معاملے میں معاہدوں کی پاسداری نہیں کر رہا۔

دوسری جانب ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے بھی حالیہ بیان میں بحری جہازوں کو خبردار کیا تھا کہ وہ سمندری حدود میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور بارودی سرنگوں کے ممکنہ خطرات سے بچنے کے لیے متبادل راستوں کا استعمال کریں۔

جاری کردہ ہدایات کے مطابق بحیرہ عمان سے آنے والے جہاز جزیرہ لاراک کے شمالی راستے سے خلیج فارس میں داخل ہو سکتے ہیں، جبکہ واپسی پر جنوبی راستہ اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق حالیہ بیانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ خطے میں بحری سلامتی اور تیل کی ترسیل کے حوالے سے خدشات بدستور موجود ہیں، جو عالمی سطح پر بھی اثر انداز ہو سکتے ہیں۔