تفصیلات کے مطابق علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سمیت ملک کے مختلف ایئرپورٹس سے خلیجی ممالک کے لیے پروازیں دوبارہ شروع ہوگئی ہیں جب کہ ایئرلائنز نے بھی مکمل بحالی کے لیے نئے فلائٹ شیڈول کی تیاری شروع کردی ہے۔
لاہور سے دبئی، ابوظہبی، شارجہ، بحرین، کویت، دوحہ، جدہ اور دمام کے لیے 9 پروازیں روانہ ہوئیں جب کہ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے 8 پروازیں خلیجی ممالک کے لیے روانہ کی گئیں۔ جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی سے 18، پشاور سے 6 اور ملتان ایئرپورٹ سے 4 پروازیں روانہ کی گئیں۔
ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ فلائٹ آپریشن کی مکمل بحالی میں کچھ وقت لگ سکتا ہے کیونکہ کچھ ممالک کی فضائی حدود جزوی طور پر بند ہیں۔
واضح رہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے باعث گزشتہ 40 دنوں کے دوران پاکستان سے 3 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ کی جاچکی ہیں جس سے ملک کا ہوابازی کا نظام بری طرح متاثر ہوا ہے۔