فرانس کے صدر ایمانویل میکرون نے مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال پر ردعمل دیتے ہوئے جنگ بندی کو ایک اہم اور مثبت پیش رفت قرار دیا ہے، ساتھ ہی انہوں نے خطے میں پائیدار امن کے لیے مزید سفارتی اقدامات پر زور دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فرانسیسی صدر نے ایران اور امریکا کے رہنماؤں سے علیحدہ علیحدہ رابطوں کے دوران اس بات پر زور دیا کہ حالیہ جنگ بندی ایک مؤثر قدم ثابت ہو سکتی ہے، بشرطیکہ اس پر مکمل اور سنجیدہ عمل درآمد کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کشیدگی کے خاتمے کے لیے جامع مذاکرات ناگزیر ہیں۔
ایمانویل میکرون نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اہم بحری گزرگاہ آبنائے ہرمز میں رکاوٹوں کا خاتمہ نہایت ضروری ہے، کیونکہ یہ عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کے لیے کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔
فرانسیسی صدر نے مزید کہا کہ فرانس خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے اپنا فعال کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے لبنان میں جاری اسرائیلی کارروائیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے صورتحال مزید بگڑنے کا خدشہ ہے اور پورا خطہ عدم استحکام کا شکار ہو سکتا ہے۔