حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
خیبرپختونخوا میں قدرتی آفات، بارشوں اور برفباری نے تباہی مچا دی، قیمتی جانیں ضائع Home / پاکستان /

خیبرپختونخوا میں قدرتی آفات، بارشوں اور برفباری نے تباہی مچا دی، قیمتی جانیں ضائع

ایڈیٹر - 09/04/2026
خیبرپختونخوا میں قدرتی آفات، بارشوں اور برفباری نے تباہی مچا دی، قیمتی جانیں ضائع

خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں جاری شدید بارشوں اور بالائی علاقوں میں برفباری نے وسیع پیمانے پر تباہی پھیلا دی ہے، جس کے نتیجے میں کم از کم 9 افراد جاں بحق جبکہ 16 زخمی ہو چکے ہیں۔ متعدد مکانات منہدم یا جزوی طور پر تباہ ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں، جس سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں تیز کر دی گئی ہیں۔

ضلع مہمند سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں شامل ہے، جہاں حالیہ بارشوں نے شدید نقصان پہنچایا۔ اطلاعات کے مطابق اب تک 5 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ 9 زخمی ہیں۔ تحصیل صافی کے علاقے فرش مامد گٹ میں ایک مکان کا کمرہ گرنے سے باپ بیٹا، فیروز شاہ اور جنید، جاں بحق ہو گئے جبکہ 4 افراد زخمی ہوئے۔ اسی طرح تحصیل بائزی کے موسیٰ خیل بابا جوڑ میں ایک اور مکان گرنے سے محمد اللہ نامی شخص جاں بحق ہو گیا۔ بارشوں کے باعث درجنوں گھروں کو نقصان پہنچا اور کھڑی فصلیں بھی متاثر ہوئیں۔

ادھر ضلع خیبر کی تحصیل جمرود کے علاقے ملکانو کلی میں ایک گھر کی دیوار گرنے سے 6 افراد زخمی ہو گئے، جن میں بہن بھائی بھی شامل ہیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ ضلعی انتظامیہ نے متاثرہ خاندان کو امدادی پیکج فراہم کر دیا ہے۔ ریسکیو ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملبے تلے دبے افراد کو نکالا۔

ضلع کرم میں بھی صورتحال تشویشناک ہے، جہاں میدانی علاقوں میں بارش جبکہ کوہ سفید پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ مختلف علاقوں میں درجنوں مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ زیڑان تاجک گاؤں میں مکان گرنے سے ایک بچے کی موت اور دوسرے کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے، جو مقامی صحافی کے رشتہ دار تھے۔

مزید برآں سیلابی ریلوں نے کچکنہ، للمئے، بوڑکی اور سرہ گلہ سمیت کئی دیہات کو متاثر کیا ہے، جہاں لوگوں کو آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ مقامی افراد کے مطابق چند روز قبل گرنے والا چنار آباد پل تاحال بحال نہیں ہو سکا، جس سے مسائل میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔

لوئر کرم کے علاقے کوڑی کس میں پیش آنے والے ایک افسوسناک واقعے میں مکان کی چھت گرنے سے تین کمسن بہن بھائی جاں بحق ہو گئے۔ جاں بحق بچوں کی شناخت اسمہ، یاسینہ اور عابد کے ناموں سے ہوئی ہے، جن کی عمریں بالترتیب 5، 8 اور 11 سال تھیں۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب بچے گھر میں سو رہے تھے اور چھت اچانک گر گئی۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق صوبے کے مختلف علاقوں سے کچے مکانات کے گرنے اور جانی نقصان کی مزید اطلاعات بھی سامنے آ رہی ہیں۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے متاثرین کے اعداد و شمار جمع کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے، جبکہ امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔