حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
خیبرپختونخوا کے حساس اضلاع میں دفع 144 نافذ ، نقل و حرکت مکمل بند Home / پاکستان /

خیبرپختونخوا کے حساس اضلاع میں دفع 144 نافذ ، نقل و حرکت مکمل بند

ایڈیٹر - 09/04/2026
خیبرپختونخوا کے حساس اضلاع میں دفع 144 نافذ ، نقل و حرکت مکمل بند

خیبرپختونخوا کے جنوبی اضلاع ٹانک اور جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی خدشات کے باعث ضلعی انتظامیہ نے دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے مخصوص علاقوں میں ہر قسم کی نقل و حرکت پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ حکام کے مطابق یہ اقدامات امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے سے بچاؤ کے لیے کیے گئے ہیں۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری احکامات کے مطابق جنوبی وزیرستان لوئر کی تحصیل وانا میں 9 اپریل کو صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک مکمل لاک ڈاؤن جیسی صورتحال برقرار رہے گی۔ اس دوران وانا اور اس سے ملحقہ علاقوں، جن میں تیارزہ گیٹ، کراب کوٹ، تنائی اور عزیز آباد چوک شامل ہیں، کے تمام داخلی و خارجی راستے بند رہیں گے۔ کسی بھی قسم کی گاڑی، موٹر سائیکل یا پیدل نقل و حرکت کی اجازت نہیں ہوگی۔

اسی طرح ضلع ٹانک میں بھی اسی تاریخ کو صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک سخت پابندیاں نافذ رہیں گی۔ انتظامیہ کے مطابق کوڑ فورٹ، خرگی جنڈولہ، گرداوی، نیلی کچ اور گومل زام ڈیم جانے والے تمام راستے بند رہیں گے، جبکہ جنوبی وزیرستان اپر کی حدود تک آمد و رفت بھی معطل کر دی گئی ہے۔ مزید برآں جنڈولہ بازار کو مکمل طور پر بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

حکام نے واضح کیا ہے کہ ان پابندیوں کا اطلاق عام شہریوں پر ہوگا، تاہم قانون نافذ کرنے والے اداروں، ایمبولینس سروسز اور دیگر ہنگامی خدمات کو استثنیٰ حاصل ہوگا۔ کسی انتہائی ضروری صورت حال میں شہری سیکیورٹی فورسز یا ضلعی پولیس سے پیشگی اجازت حاصل کر کے سفر کر سکیں گے۔

انتظامیہ نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ ان احکامات پر مکمل عمل درآمد کریں اور دورانِ نقل و حرکت اپنے شناختی دستاویزات ہمراہ رکھیں تاکہ کسی بھی دشواری سے بچا جا سکے۔