حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
امریکی و ایرانی قیادت آج اہم مذاکرات کے لیے اسلام آباد پہنچے گی Home / پاکستان /

امریکی و ایرانی قیادت آج اہم مذاکرات کے لیے اسلام آباد پہنچے گی

ایڈیٹر - 09/04/2026
 امریکی و ایرانی قیادت آج اہم مذاکرات کے لیے اسلام آباد پہنچے گی

باخبر ذرائع کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ اہم مذاکرات کے سلسلے میں اعلیٰ سطحی وفود کی اسلام آباد آمد متوقع ہے، جس سے پاکستان خطے میں سفارتی سرگرمیوں کا مرکز بنتا دکھائی دے رہا ہے۔

اطلاعات کے مطابق امریکی نائب صدر کی قیادت میں وفد آج پاکستان پہنچے گا، جس میں نمایاں شخصیات اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر بھی شامل ہوں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی ٹیم کی معاونت کے لیے 23 رکنی عملہ پہلے ہی اسلام آباد پہنچ چکا ہے، جس میں سکیورٹی ماہرین اور دیگر متعلقہ اہلکار شامل ہیں۔

دوسری جانب ایرانی قیادت بھی اس پیش رفت کا حصہ بن رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق ایران کے اسپیکر محمد باقر قالیباف اور وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی آج رات گئے وفاقی دارالحکومت پہنچیں گے تاکہ مذاکرات میں شرکت کر سکیں۔

اس سے قبل وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیوٹ نے تصدیق کی تھی کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ بات چیت کے لیے ایک خصوصی مذاکراتی ٹیم اسلام آباد بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کے مطابق اس وفد میں جے ڈی وینس، اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر شامل ہوں گے، اور مذاکرات ہفتے کی صبح شروع ہونے کا امکان ہے۔

ادھر ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے بھی پاکستانی وزیراعظم کو آگاہ کیا ہے کہ تہران کی جانب سے ایک اعلیٰ سطحی وفد مذاکرات میں شرکت کے لیے اسلام آباد روانہ ہوگا۔

تجزیہ کاروں کے مطابق یہ ملاقاتیں نہ صرف امریکا اور ایران کے تعلقات میں ممکنہ پیش رفت کا باعث بن سکتی ہیں بلکہ پاکستان کے لیے بھی ایک اہم سفارتی موقع ثابت ہو سکتی ہیں۔