اٹلی کے ساحل کے قریب کشتی حادثہ میں 86 افراد جاں بحق، 3 نوجوانوں کا تعلق جمرود سے نکلا حادثے میں جاں بحق بیشتر افراد کا تعلق سیالکوٹ، ضلع باجوڑ اور خیبر سے ہے جبکہ ضلع باجوڑ خیبر سے تعلق رکھنے والے تین نوجوان اٹلی کے ساحل کے قریب پیش آنے والے افسوسناک کشتی حادثے میں جاں بحق افراد میں شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق تارکین وطن کی کشتی الٹنے سے کم از کم 86 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ متعدد افراد تاحال لاپتہ ہیں۔
اطلاعات کے مطابق جاں بحق ہونے والے تینوں نو جوانوں کا تعلق تحصیل جمرود سے ہیں ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ متاثرہ نوجوان غیر قانونی طریقے سے یورپ جانے کی کوشش کر رہے تھے، جو انسانی اسمگلنگ کے خطرناک رجحان کی ایک اور مثال ہے۔
واقعے کے بعد علاقے میں غم کی فضا چھا گئی ہے اور لواحقین شدید صدمے سے دوچار ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق حادثے میں بچ جانے والے افراد نے بتایا کہ 86 ڈوبنے والوں میں سے متعدد پاکستانی باشندے شامل ہیں۔ بحیرہ روم میں کشتی الٹنے سے پنڈی بھٹیاں کا ایک نوجوان جاں بحق اور 4 لاپتہ ہو گئے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق بحیرہ روم میں جاں بحق ہونے والے 25 سالہ نو جوان عاطف علی کا تعلق گاؤں کوٹ نظام سے ہے جبکہ 30 سالہ جعفر علی ، 23 سالہ حمزہ، سفیان اور ہارون حادثے کے بعد سے لاپتہ ہیں۔ متاثرہ خاندان کے مطابق نو جوان سنہرے مستقبل کے خواب سجائے ڈنکی کے ذریعے یورپ جارہے تھے، واقعہ کی اطلاع ملنے پر
متاثرہ خاندان سوگوار ہے، علاقے میں غم کی فضا پھیل گئی۔ یہ واقعہ دوروز قبل لیبیا کے نزدیک پیش آیا ، اطلاع اب ملی ہے۔