حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
اختیارولی الزام تراشی کی بجائے کرپشن کا جواب دیں، شفیع جان Home / سیاست /

اختیارولی الزام تراشی کی بجائے کرپشن کا جواب دیں، شفیع جان

ایڈیٹر - 07/04/2026
اختیارولی الزام تراشی کی بجائے کرپشن کا جواب دیں، شفیع جان

پشاور ۔وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان نے اختیار ولی کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہداء کے جنازوں میں شرکت کو سیاست کا موضوع بنانا انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔

دہشتگردی اور شہداء کے جنازوں پر منفی سیاست کرنا وفاقی حکومت کے وزراء اور نمائندوں کا پرانا وطیرہ ہے، وفاقی حکومت کے نمائندے اپنی ناکامیاں چھپانے کے لئے خیبر پختونخوا حکومت پر مسلسل الزام تراشیاں کر رہے ہیں انہیں چاہئے کہ 5300 ارب روپے کی کرپشن بارے آئی ایم ایف کی رپورٹ کا جواب دیں۔

انھوں نے کہا کہ دہشتگردی جیسے سنجیدہ قومی مسئلے پر اختیار ولی کے بیانات محض سیاسی پوائنٹ اسکورنگ ہے، اختیار ولی وفاقی حکومت کی طرف سے عوام پر گرائے گئے پیٹرول بم سے متعلق خاموش کیوں ہے، وفاقی نمائندے، حکومت کی ناقص معاشی اور عوام دشمن پالیسیوں سے توجہ ہٹانے کے لئے گمراہ کن پریس کانفرنسز کا سہارا لے رہے ہیں،

ان کا مزید کہنا تھا کہ بانی چیئر مین عمران خان کے دور میں پیٹرولیم کی قیمتوں میں معمولی اضافے پر پیٹ پر پتھر باندھ کر ڈرامہ رچانے والوں کو اب سانپ سونگھ گیا ہے۔

وزیراعلی سہیل آفریدی کی قیادت میں صوبائی حکومت اور صوبے کے عوام شہداء کے لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت عوام کے ووٹوں سے قائم ہوئی ہے اور اپنی آئینی ذمہ داریاں بخوبی ادا کر رہی ہے۔

وفاقی حکومت بغیر عوامی مینڈیٹ سے قائم کی گئی ہے، اختیار ولی کسی اختیار اور مینڈیٹ سے یہ بات کر رہے ہیں۔ بانی چیر مین عمران خان کا نام اور نظریہ ہی قوم کی آواز ہے، خوف عمران خان میں وفاقی حکومت اندھی ہو چکی ہے،

شفیع جان نے کہا کہ اختیار ولی کوعمران خان کے نام لکھنے سے بھی تکلیف ہے، عمران خان عوام کے لیڈر ہیں۔ اختیار ولی صوبائی حکومت پر الزام تراشی سے پہلے 5300 ارب روپے کی کرپشن حوالے سے آئی ایم ایف رپورٹ پر قوم کو جواب دیں۔

خیبر پختو نخوا حکومت عوام کی خدمت، امن کے قیام اور ترقی کے ایجنڈے پر گامزن ہے۔ وفاقی حکومت کے جعلی نمائندے ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے صوبائی حکومت کو عوامی خدمت سے نہیں روک سکتے۔