حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
ملک کے مختلف شاہراہوں پر بارش، موٹروے پولیس نے الرٹ جاری کر دیا Home / پاکستان /

ملک کے مختلف شاہراہوں پر بارش، موٹروے پولیس نے الرٹ جاری کر دیا

ایڈیٹر - 07/04/2026
ملک کے مختلف شاہراہوں پر بارش، موٹروے پولیس نے الرٹ جاری کر دیا

اسلام آباد: ملک کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے ہونے والی بارش کے باعث نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے مسافروں کے لیے اہم سفری ہدایات جاری کر دی ہیں۔

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق پشاور سے اسلام آباد (ایم-1)، ہکلہ سے ڈی آئی خان (ایم-14) اور اسلام آباد سے کوٹ مومن (ایم-2) کے مختلف مقامات پر بارش جاری ہے۔ اس کے علاوہ ہزارہ ایکسپریس وے (ای-35)، سوات ایکسپریس وے، کامونکی تا سمبڑیال (ایم-11) اور شیر شاہ تا عبدالحکیم (ایم-4) پر بھی بارش کے باعث سڑکیں پھسلن کا شکار ہو چکی ہیں۔

موٹروے پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے دورانِ سفر غیر معمولی احتیاط برتیں۔ ترجمان کے مطابق بارش میں گاڑی کی رفتار کم رکھنا، اگلی گاڑی سے مناسب سے زیادہ فاصلہ برقرار رکھنا اور اچانک بریک لگانے سے گریز کرنا انتہائی ضروری ہے تاکہ حادثات سے بچا جا سکے۔

مزید برآں، مسافروں کو تاکید کی گئی ہے کہ روانگی سے قبل گاڑیوں کی ہیڈ لائٹس اور وائپرز کو مکمل طور پر فعال اور درست حالت میں یقینی بنائیں۔ ترجمان نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے اجتناب کا مشورہ بھی دیا۔

موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال یا معلومات کے حصول کے لیے ہیلپ لائن 130 پر فوری رابطہ کیا جا سکتا ہے، جبکہ پولیس کی موبائل پٹرولنگ ٹیمیں مختلف شاہراہوں پر مسلسل گشت کر رہی ہیں تاکہ مسافروں کو بروقت رہنمائی اور مدد فراہم کی جا سکے۔