حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
دھمکیوں یا دباؤ کے ذریعے تہران کو جھکانا ممکن نہیں، ایرانی حکام Home / بین الاقوامی /

دھمکیوں یا دباؤ کے ذریعے تہران کو جھکانا ممکن نہیں، ایرانی حکام

ایڈیٹر - 07/04/2026
دھمکیوں یا دباؤ کے ذریعے تہران کو جھکانا ممکن نہیں، ایرانی حکام

ایران کی اعلیٰ عسکری قیادت نے ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے دی گئی حالیہ دھمکیوں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے سخت ردعمل ظاہر کیا ہے، جس سے مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی مزید بڑھنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

ایرانی مشترکہ فوجی کمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ خطے میں امریکا کو مسلسل ناکامیوں اور سبکی کا سامنا ہے، اور واشنگٹن کی حالیہ سخت زبان دراصل انہی حالات کا عکاس ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ اس نوعیت کے بیانات نہ تو امریکا کی پوزیشن بہتر بنا سکتے ہیں اور نہ ہی اس کی علاقائی ناکامیوں پر پردہ ڈال سکتے ہیں۔

ایرانی حکام نے واضح کیا کہ دھمکیوں یا دباؤ کے ذریعے تہران کو جھکانا ممکن نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر امریکا کی جانب سے کسی بھی قسم کی جارحیت کی گئی تو اس کا بھرپور اور سخت جواب دیا جائے گا، جس کے اثرات پورے خطے پر مرتب ہو سکتے ہیں۔

بیان میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کی مکمل ذمہ داری امریکا پر عائد ہوگی، اگر اس نے تصادم کا راستہ اختیار کیا۔

دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک حالیہ پریس کانفرنس میں ایران کو سخت انتباہ دیتے ہوئے آبنائے ہرمز کھولنے اور ممکنہ معاہدے کے لیے محدود وقت دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دی گئی ڈیڈ لائن حتمی ہے، اور اگر اس پر عملدرآمد نہ ہوا تو ایران کے توانائی کے نظام اور اہم انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔

امریکی صدر نے یہ بھی عندیہ دیا کہ کسی ممکنہ کارروائی کی صورت میں ایران کے پاور پلانٹس کو تباہ کیا جا سکتا ہے، جس سے خطے میں صورتحال مزید سنگین رخ اختیار کر سکتی ہے۔