وزارت مذہبی امور نے واضح کیا ہے کہ عالمی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود حج 2026 کے لیے پاکستانی عازمین کو فضائی کرایوں میں کسی اضافے کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔
وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف اپنے سرکاری دورے پر ریاض پہنچے، جہاں پاکستان مسلم لیگ (ن) سعودی عرب کے عہدیداران اور کارکنان نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے بتایا کہ حج 2026 کے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور 18 اپریل سے پاکستانی عازمین کی سعودی عرب آمد کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سعودی وزارت حج و عمرہ کے تعاون سے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں رہائش، خوراک اور ٹرانسپورٹ سمیت دیگر سہولیات کو بہتر انداز میں یقینی بنایا گیا ہے تاکہ عازمین کو کسی دشواری کا سامنا نہ ہو۔
سردار محمد یوسف کے مطابق اس سال ایک اہم پیش رفت کے تحت 25 ہزار سے زائد پاکستانی زائرین کو پہلی مرتبہ حرمین ہائی اسپیڈ ٹرین کے ذریعے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے درمیان تیز رفتار سفر کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ علاوہ ازیں ایام حج کے دوران منیٰ، مزدلفہ اور عرفات میں بھی بہتر انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ علاقائی صورتحال کے پیش نظر سعودی حکام کے ساتھ قریبی رابطے میں رہتے ہوئے حج آپریشن کو کامیابی سے مکمل کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان نے ایئرلائنز کے ساتھ پیشگی معاہدے طے کر لیے ہیں، جن کے تحت طے شدہ پیکیجز کے مطابق ہی عازمین کو سفری سہولیات فراہم کی جائیں گی، اور اسی وجہ سے کرایوں میں اضافے کا بوجھ عوام پر نہیں ڈالا جائے گا۔