خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں تھانہ شہبازخیل کی حدود میں پولیس پر ایک حملے کے نتیجے میں اے ایس آئی سمیت پانچ اہلکار زخمی ہو گئے۔ پولیس حکام کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب پولیس موبائل معمول کی گشت پر تھی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملہ آوروں نے بارودی مواد ایک موٹر سائیکل میں نصب کر رکھا تھا، جسے پولیس گاڑی کے قریب لا کر دھماکے سے اڑا دیا گیا۔ دھماکے کے نتیجے میں متعدد اہلکار زخمی ہوئے، جن میں اے ایس آئی جمال الدین، کانسٹیبل عارف اور ڈرائیور میر حسن شامل ہیں، جبکہ ایک شہری بھی زد میں آ کر زخمی ہوا۔
ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ کر زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ پولیس ترجمان کے مطابق واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے اور شواہد اکٹھے کر کے تفتیش کا عمل جاری ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ حملے میں ملوث عناصر کی تلاش کے لیے کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔