حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
حملہ ہوا تو فیصلہ کن اور خوفناک ردعمل آئے گا، امریکی دھمکی پر ایران کا دوٹوک جواب Home / بین الاقوامی /

حملہ ہوا تو فیصلہ کن اور خوفناک ردعمل آئے گا، امریکی دھمکی پر ایران کا دوٹوک جواب

ایڈیٹر - 06/04/2026
حملہ ہوا تو فیصلہ کن اور خوفناک ردعمل آئے گا، امریکی دھمکی پر ایران کا دوٹوک جواب

ایران نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ  کی جانب سے دیے گئے حالیہ الٹی میٹم کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ایرانی تنصیبات یا بنیادی ڈھانچے پر کسی بھی حملے کو انتہائی سنگین اقدام تصور کیا جائے گا، جس کا بھرپور اور فوری جواب دیا جائے گا۔

عرب میڈیا ادارے الجزیرہ  کے مطابق ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکہ کی جانب سے کسی بھی قسم کی جارحیت نہ صرف بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہوگی بلکہ اسے جنگی جرم کے طور پر دیکھا جائے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ شہری نوعیت کے انفراسٹرکچر کو نشانہ بنانا ایک خطرناک اور مجرمانہ سوچ کی عکاسی کرتا ہے، اور ایران ایسی کسی بھی کارروائی کو ہرگز برداشت نہیں کرے گا۔ ترجمان کے مطابق ایران اپنی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کے لیے تمام ممکنہ دفاعی اقدامات بروئے کار لائے گا۔

ایرانی مؤقف کے مطابق اگر کشیدگی میں اضافہ ہوا تو جوابی کارروائی میں امریکی مفادات اور اثاثوں کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے، جبکہ وہ عناصر یا ممالک بھی محفوظ نہیں رہیں گے جو اس ممکنہ کارروائی میں امریکہ کا ساتھ دیں گے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ یہ تنازع امریکی عوام کی خواہشات کی نمائندگی نہیں کرتا بلکہ اس کے پیچھے دیگر عوامل کارفرما ہیں۔ ان کا دعویٰ تھا کہ امریکہ کے اندر بھی اس ممکنہ جنگ کے خلاف آوازیں اٹھ رہی ہیں، جو اس پالیسی سے عدم اتفاق کا اظہار ہیں۔

ایران نے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا کہ کسی بھی جارحانہ اقدام کی صورت میں اس کا ردعمل مؤثر، سخت اور دور رس نتائج کا حامل ہوگا، اور ملک اپنی خودمختاری کے دفاع کے لیے ہر حد تک جائے گا۔