اسلام آباد ۔ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے مولانا فضل الرحمن کو حکومت میں شمولیت کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی آپ کے ساتھ نہیں چل پا رہی، آپ ہمارے ساتھ آجائیں۔
ذرائع کے مطابق (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی نے مولانا فضل الرحمن کو علیحدہ علیحدہ طور پر وفاقی اور صوبائی حکومتوں میں شامل ہونے کی باقاعدہ دعوت دی ہے۔
سینئر لیگی رہنماء نے تین روز قبل مولانا سے ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی آپ کے ساتھ نہیں چل پارہی، اس لئے بہتر ہے کہ آپ ہمارے ساتھ آجائیں۔ پیپلز پارٹی کی قیادت نے بھی جے یو آئی کو سندھ اور بلوچستان میں مل کر حکومت بنانے کی دعوت دی، جبکہ گلگت بلتستان میں بھی مشترکہ طور پر چلنے کی پیشکش کی ہے۔
جے یو آئی رہنماؤں کا دعوی ہے کہ پیپلز پارٹی بھی (ن) لیگ کے بغیر بلوچستان میں حکومت سازی کیلئے مولانا کو ساتھ ملانے کی کوشش کر رہی ہے۔
ادھر گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس رہنماؤں نے بھی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی اور حکومت کی بجائے اپوزیشن کا ساتھ دینے کا مطالبہ کیا۔
ذرائع کے مطابق جے یو آئی نے کہا ہے کہ تمام تجاویز پر فیصلہ پارٹی کی مجلس شوری کے اجلاس میں کیا جائے گا، جس کے بعد ہی مستقبل کا سیاسی لائحہ عمل واضح ہوگا۔