حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عوام دشمن اقدام ہے۔ ایمل ولی خان Home / سیاست /

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عوام دشمن اقدام ہے۔ ایمل ولی خان

ایڈیٹر - 04/04/2026
 پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عوام دشمن اقدام ہے۔ ایمل ولی خان

پشاور ۔ عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ ہوشربا اضافہ شرمناک اور عوام دشمن اقدام ہے۔

حکومت عالمی حالات اور قیمتوں کو جواز بنا کر عوام پر ظلم ڈھارہی ہے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ تیل کا عالمی بحران اپنی جگہ ایک حقیقت ہے، لیکن پاکستان میں جس بے رحمی اور غیر معمولی انداز میں قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے وہ محض نا اہلی نہیں بلکہ ایک سوچی سمجھی پالیسی کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے۔

موجودہ قیمتیں عالمی منڈی کی عکاسی نہیں کرتیں بلکہ یہ ٹیکسز، لیوی اور حکومتی معاشی پالیسیوں کا براہ راست نتیجہ ہے انہوں نے کہا کہ ایک طرف کفایت شعاری کا نا تک کیا جارہا ہے، جبکہ دوسری طرف اس کا سارا بوجھ عوام پر ڈال دیا گیا ہے۔

عوام سے قربانیوں کا مطالبہ کیا جارہا ہے مگر اشرافیہ کے شاہانہ اخراجات آج بھی بدستور جاری ہیں، جو حکومتی دعووں کی نفی کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پٹرولیم لیوی میں حالیہ بھاری اضافہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے بجائے ان سے مزید وسائل نچوڑنے میں مصروف ہے۔ ایسے وقت میں جب پوری دنیا اپنے عوام کو سہارا دینے کی کوشش کر رہی ہے، پاکستان میں حکومت النا عوام پر مزید بوجھ ڈال رہی ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ قیمتوں میں یکدم اتنا بڑا اضافہ غریب اور متوسط طبقے کے لیے نا قابل برداشت ہے۔ اس کے اثرات صرف ٹرانسپورٹ اور صنعتوں تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ اشیائے خوردونوش، زراعت اور روز مرہ زندگی کے ہر شعبے کو اپنی لپیٹ میں لے لیں گے۔ مہنگائی کا ایک نیا طوفان آئے گا جس کا بوجھ عام آدمی برداشت نہیں کر سکے گا۔