حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
ملک کے مختلف حصوں میں زلزلے کے طاقتور جھٹکے، شہریوں میں شدید خوف و ہراس Home / پاکستان /

ملک کے مختلف حصوں میں زلزلے کے طاقتور جھٹکے، شہریوں میں شدید خوف و ہراس

ایڈیٹر - 03/04/2026
ملک  کے مختلف حصوں میں زلزلے کے طاقتور جھٹکے، شہریوں میں شدید خوف و ہراس

اسلام آباد: خیبر پختونخوا، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں جمعہ کے روز زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 6.3 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کا مرکز افغانستان کے کوہ ہندوکش کا پہاڑی سلسلہ تھا۔

رپورٹس کے مطابق پشاور، اسلام آباد، لاہور سمیت خیبر پختونخوا اور پنجاب کے متعدد شہروں میں جھٹکے واضح طور پر محسوس کیے گئے۔ خیبر پختونخوا میں مردان، کوہاٹ، باجوڑ، صوابی، ٹانک، ایبٹ آباد اور ڈیرہ اسماعیل خان کے مختلف علاقوں میں بھی زمین لرزنے کے اثرات دیکھے گئے، جبکہ آزاد کشمیر کے بعض علاقوں میں بھی زلزلہ محسوس کیا گیا۔

پنجاب میں لاہور، راولپنڈی، سیالکوٹ، سرگودھا، چکوال، اٹک، تلہ گنگ اور فیصل آباد سمیت کئی شہروں میں جھٹکوں کی شدت کے باعث عمارتیں لرز اٹھیں۔ عینی شاہدین کے مطابق زلزلے کے دوران شہری کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے فوری طور پر گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔

کئی علاقوں میں خوف کے عالم میں لوگوں نے مساجد اور گھروں کی چھتوں پر اذانیں بھی دیں۔ تاہم فوری طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، جبکہ متعلقہ ادارے صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔