اسلام آباد: پاکستان نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کو 2 ارب ڈالر کی رقم واپس کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جو ملک کے اکاؤنٹ میں بطور سیف ڈپازٹ رکھی گئی تھی۔
وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق یہ ادائیگی رواں ماہ کے اختتام تک ابوظبی کو کی جائے گی۔ مذکورہ رقم پر پاکستان تقریباً 6 فیصد سالانہ شرح سے منافع ادا کر رہا تھا، جس کی وجہ سے قومی خزانے پر اضافی بوجھ پڑ رہا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ماضی میں یو اے ای اس ڈپازٹ کو سالانہ بنیادوں پر توسیع (رول اوور) دیتا رہا، تاہم دسمبر 2025 میں اس رقم کو پہلے ایک ماہ اور بعد ازاں مزید دو ماہ کے لیے بڑھایا گیا۔
مزید بتایا گیا ہے کہ حالیہ عالمی معاشی اور سیاسی حالات کے تناظر میں متحدہ عرب امارات نے اس رقم کی فوری واپسی کا تقاضا کیا، جس کے بعد پاکستان نے ادائیگی کا فیصلہ کیا۔
ماہرین کے مطابق اس پیش رفت کے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر اور مالی استحکام پر اثرات مرتب ہو سکتے ہیں، تاہم حکومت اسے مالی نظم و ضبط کی جانب ایک اہم قدم قرار دے رہی ہے۔