حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
پیٹرول مہنگا، معیشت دباؤ میں،عوام پریشان، غریب کہاں جائے؟ سعد رفیق کی وارننگ Home / پاکستان /

پیٹرول مہنگا، معیشت دباؤ میں،عوام پریشان، غریب کہاں جائے؟ سعد رفیق کی وارننگ

ایڈیٹر - 03/04/2026
پیٹرول مہنگا، معیشت دباؤ میں،عوام پریشان، غریب کہاں جائے؟ سعد رفیق کی وارننگ

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اس اقدام سے مہنگائی میں نمایاں اضافہ ہوگا اور عام شہری کی مشکلات مزید بڑھ جائیں گی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ایندھن کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ پہلے ہی مہنگائی کی نئی لہر کو جنم دے چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ حکومت کو بعض معاشی دباؤ اور مجبوریوں کا سامنا ہے، تاہم موجودہ صورتحال میں عام آدمی کے لیے زندگی گزارنا دن بدن مشکل ہوتا جا رہا ہے۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ عالمی مالیاتی ادارے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ  کی شرائط پر عمل درآمد کے نتیجے میں کم آمدنی والے طبقات سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں، جبکہ متوسط طبقہ بھی بتدریج معاشی دباؤ کا شکار ہو کر غربت کی لکیر کے قریب پہنچ رہا ہے۔

خواجہ سعد رفیق نے علاقائی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے خبردار کیا کہ اگرایران پر امریکہ اور اسرائیل  کے حملے فوری طور پر بند نہ ہوئے تو اس کے اثرات عالمی سطح پر سامنے آ سکتے ہیں، جس سے ترقی پذیر ممالک میں غذائی بحران شدت اختیار کر سکتا ہے۔

ان کے مطابق موجودہ حالات میں معاشی اور جغرافیائی کشیدگی کا براہ راست بوجھ عام شہریوں پر پڑ رہا ہے، جس کے تدارک کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔