حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
بیروت پر مہلک وار ، حزب اللہ کا اہم کمانڈر نشانہ، خطہ ایک بار پھر کشیدگی کی لپیٹ میں Home / بین الاقوامی /

بیروت پر مہلک وار ، حزب اللہ کا اہم کمانڈر نشانہ، خطہ ایک بار پھر کشیدگی کی لپیٹ میں

ایڈیٹر - 02/04/2026
بیروت پر مہلک وار ، حزب اللہ کا اہم کمانڈر نشانہ، خطہ ایک بار پھر کشیدگی کی لپیٹ میں

لبنان کے دارالحکومت بیروت میں ایک حالیہ اسرائیلی حملے میں حزب اللہ  کے سینئر کمانڈر یوسف اسماعیل ہاشم شہید  ہو گئے، جس کی تصدیق تنظیم کی جانب سے بھی کر دی گئی ہے۔ واقعے کے بعد خطے میں جاری کشیدگی میں مزید اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارےرائیٹرز  کے مطابق اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران یوسف اسماعیل ہاشم، جو "الحاج صادق" کے نام سے بھی جانے جاتے تھے، کو نشانہ بنایا گیا۔ حزب اللہ نے بھی ان کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے انہیں مزاحمت کی جدوجہد کا نمایاں کردار قرار دیا ہے۔

اسرائیلی عسکری ترجمان کے مطابق ہاشم تنظیم کے جنوبی محاذ کے کمانڈر تھے اور انہیں ایک مخصوص کارروائی میں اسرائیلی بحریہ نے نشانہ بنایا۔ مبصرین اس واقعے کو جاری کشیدگی کے دوران حزب اللہ کے لیے ایک بڑا نقصان قرار دے رہے ہیں۔

لبنانی حکام کے مطابق حملے کے وقت ہاشم دیگر کمانڈرز کے ہمراہ ایک اجلاس میں موجود تھے، جسے براہ راست نشانہ بنایا گیا۔ اس کارروائی کے نتیجے میں کم از کم سات افراد ہلاک جبکہ 26 زخمی ہوئے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق اس حملے کے بعد لبنان اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی میں مزید شدت آ سکتی ہے، جبکہ جوابی کارروائیوں کا خدشہ بھی بڑھ گیا ہے، جس سے پورا خطہ ایک بار پھر غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہو سکتا ہے۔