حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
مستحق خواتین کیلئے نئی سہولیات کی راہ ہموار بی آئی ایس پی اور عالمی اداروں میں اشتراک بڑھانے پر اتفاق Home / پاکستان /

مستحق خواتین کیلئے نئی سہولیات کی راہ ہموار بی آئی ایس پی اور عالمی اداروں میں اشتراک بڑھانے پر اتفاق

ایڈیٹر - 01/04/2026
مستحق خواتین کیلئے نئی سہولیات کی راہ ہموار بی آئی ایس پی اور عالمی اداروں میں اشتراک بڑھانے پر اتفاق

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) اور اقوام متحدہ کے ذیلی اداروں کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا ہے تاکہ مستحق خاندانوں کو بہتر اور مؤثر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

بدھ کے روز بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹرز میں چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد اور سیکرٹری عامر علی احمد نے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او)، ورلڈ فوڈ پروگرام (ڈبلیو ایف پی) اور یونیسیف کے اعلیٰ نمائندوں سے ملاقات کی۔ ملاقات میں سماجی تحفظ کے پروگرام کو مزید مضبوط بنانے اور مستحقین تک خدمات کی فراہمی کے نظام کو بہتر بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ جدید مگر کم لاگت ٹیکنالوجی کو بروئے کار لا کر شفافیت کو یقینی بنایا جائے، جبکہ مستحق خواتین اور ان کے اہل خانہ کے لیے ہنر مندی کے نئے مواقع پیدا کیے جائیں۔ شرکاء نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ رپورٹنگ، مانیٹرنگ اور فیڈبیک کے نظام کو مؤثر بنایا جائے اور عوامی آگاہی مہمات کو مزید فعال کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس پروگرام سے مستفید ہو سکیں۔

چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد کا کہنا تھا کہ صحت اور تعلیم کے شعبوں میں مشترکہ حکمت عملی اپنانا وقت کی اہم ضرورت ہے، کیونکہ اس سے کم آمدنی والے خاندانوں کی زندگیوں میں نمایاں بہتری لائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی ترقیاتی اداروں کے ساتھ مضبوط روابط بی آئی ایس پی کی کارکردگی کو مزید مؤثر بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔

ملاقات میں پاکستان میں ڈبلیو ایچ او کے سربراہ ڈاکٹر لوو ڈیپینگ، یونیسیف کی نمائندہ پارنیل آئرن سائیڈ اور ورلڈ فوڈ پروگرام پاکستان کی ڈپٹی کنٹری ڈائریکٹر لنڈیتا بارے سمیت بی آئی ایس پی کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ بین الاقوامی اداروں کے نمائندوں نے بی آئی ایس پی کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے جلد قابلِ عمل تجاویز پیش کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔