حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
ایران پر زمینی حملے کی صورت میں چیچن افواج کا امریکہ کے خلاف اعلان جنگ Home / بین الاقوامی /

ایران پر زمینی حملے کی صورت میں چیچن افواج کا امریکہ کے خلاف اعلان جنگ

ایڈیٹر - 01/04/2026
ایران پر زمینی حملے کی صورت میں  چیچن  افواج کا امریکہ کے خلاف اعلان جنگ

ماسکو/تہران: ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران چیچن قیادت سے وابستہ فوجی دستوں نے اعلان کیا ہے کہ اگر امریکا نے ایران کے خلاف زمینی کارروائی شروع کی تو وہ ایرانی افواج کا ساتھ دینے کے لیے میدان میں آئیں گے۔

ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق رمضان قدیروف کے حامی چیچن یونٹس نے ایران میں ممکنہ تعیناتی کے لیے اپنی تیاری ظاہر کی ہے۔ رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ یہ دستے صرف اس صورت میں براہ راست مداخلت کریں گے جب امریکا زمینی حملے کا آغاز کرے گا۔

چیچن فورسز کی جانب سے جاری بیان میں موجودہ تنازع کو مذہبی رنگ دیتے ہوئے اسے “حق اور باطل کی جنگ” قرار دیا گیا ہے، جبکہ ممکنہ شمولیت کو “جہاد” سے تعبیر کیا گیا ہے۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب خطے میں ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان تناؤ مسلسل شدت اختیار کر رہا ہے۔ حالیہ ہفتوں میں ایران پر فضائی حملوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جبکہ اطلاعات ہیں کہ امریکا زمینی کارروائی کے آپشنز کا بھی جائزہ لے رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق موجودہ جنگی صورتحال کا آغاز اس وقت ہوا جب تہران اور واشنگٹن کے درمیان بالواسطہ جوہری مذاکرات جاری تھے، تاہم اسی دوران ایران کی اعلیٰ قیادت اور فوجی شخصیات کو نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد کشیدگی نے نیا رخ اختیار کیا۔

جواباً ایران نے اسرائیلی تنصیبات اور خطے میں امریکی اڈوں کو نشانہ بناتے ہوئے متعدد میزائل اور ڈرون حملے کیے ہیں۔

دوسری جانب اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب امیر سعید ایروانی نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو ارسال کردہ خط میں الزام عائد کیا ہے کہ یوکرین بھی اس تنازع میں بالواسطہ طور پر شامل ہے اور اس نے ماہرین کی ایک بڑی تعداد خطے میں بھیجی ہے۔

یاد رہے کہ چیچن فورسز، جنہیں “کدیروفسی” کہا جاتا ہے، اس سے قبل روس کے ساتھ یوکرین سمیت مختلف تنازعات میں حصہ لے چکی ہیں، اور اب ایران کے حق میں ممکنہ کردار ادا کرنے کے لیے تیار دکھائی دے رہی ہیں۔