حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
مہاجرین کو وطن واپس بھیجنے کیلئے مساجد میں اعلانات کرانیکا فیصلہ Home / پاکستان /

مہاجرین کو وطن واپس بھیجنے کیلئے مساجد میں اعلانات کرانیکا فیصلہ

ایڈیٹر - 01/04/2026
مہاجرین کو وطن واپس بھیجنے کیلئے مساجد میں اعلانات کرانیکا فیصلہ

پشاور ۔ پشاور کی ضلعی انتظامیہ نے غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں (افغان مہاجرین کی وطن واپسی (ری پیٹریشن) کے عمل کو تیز کرنے کے لئے سخت اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر پشاور کی زیر صدارت منعقدہ ایک اہم کو آرڈینیشن اجلاس میں واپسی کے عمل کو ہر صورت شروع کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ واپسی کے حوالے سے مساجد میں اعلانات کروائے جائیں تا کہ تمام متعلقہ افراد کو آگاہی حاصل ہو۔

پولیس کو ہدایت کی گئی ہے کہ کیمپوں سے نکلنے والے غیر ملکیوں کو بارڈر تک مکمل نگرانی میں پہنچایا جائے اس عمل کے دوران ایس پی، اے ایس پی اور ڈی ایس پی رینک کے افسران کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے گا تمام اسٹنٹ کمشنرز کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ اپنے اپنے سب ڈویژن کی سطح پر تحصیلداروں، نائب تحصیلداروں اور ریونیو سٹاف کی ڈیوٹی کا روسٹر فوری طور پر ڈی سی آفس میں جمع کروا ئیں ضلعی ڈیزاسٹر مینجمنٹ یونٹ کو حکومتی پالیسی کے مطابق واپسی کے عمل کیلئے ٹرانسپورٹ فراہم کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے

ڈپٹی کمشنر پشاور نے واضح کیا کہ اس پورے عمل کی رپورٹ یومیہ بنیادوں پر جمع کی جائے گی اور کسی بھی قسم کی غیر قانونی سرگرمی یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی انہوں نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ اس حساس معاملے کو انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں مکمل کیا جائے تا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے احکامات پر بر وقت عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے