بیجنگ: پاکستان اور افغانستان کے درمیان سفارتی سطح پر روابط بحال ہونے کے بعد چین کے شہر ارمچی میں دونوں ممالک کے درمیان باضابطہ بات چیت کا آغاز ہو گیا ہے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق یہ مذاکرات ابتدائی یا جونیئر سطح پر ہو رہے ہیں، جن کا مقصد دوطرفہ تعلقات میں بہتری اور موجودہ مسائل کا حل تلاش کرنا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان بات چیت کے لیے آمادہ ہے، تاہم دہشتگردی کے خلاف اپنی پالیسی میں کسی قسم کی نرمی کا امکان نہیں۔
حکام کے مطابق پاکستان نے ان مذاکرات کے لیے وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکریٹری سطح کے ایک سینئر افسر کو نامزد کیا ہے، جو چینی شہر میں جاری گفتگو میں ملک کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ان مذاکرات میں سیکیورٹی، سرحدی امور اور باہمی تعاون جیسے اہم نکات زیر بحث آنے کی توقع ہے، جبکہ چین کی میزبانی کو خطے میں سفارتی سرگرمیوں کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔