تل ابیب / واشنگٹن: مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے درمیان اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کی جانب سے جنگ بندی کے حوالے سے مثبت اشارے سامنے آنے لگے ہیں، جس کے بعد ممکنہ سفارتی پیش رفت کی قیاس آرائیاں تیز ہو گئی ہیں۔
اسرائیلی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیتن یاہو حالیہ بیانات میں اپنی عسکری کامیابیوں کو نمایاں انداز میں پیش کر رہے ہیں، جسے مبصرین اس بات کا عندیہ قرار دے رہے ہیں کہ اسرائیلی قیادت عوام کو ممکنہ جنگی اختتام کے لیے ذہنی طور پر تیار کر رہی ہے۔
رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ امریکا کی جانب سے بھی تنازع کے خاتمے کی سمت پیش رفت متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کسی باضابطہ معاہدے کے بغیر ہی ایران کے ساتھ جاری جنگ کو ختم کرنے کا فیصلہ کر سکتے ہیں۔
دوسری جانب صدر ٹرمپ پہلے ہی عندیہ دے چکے ہیں کہ آئندہ دو سے تین ہفتوں کے اندر امریکا اس جنگی صورتحال سے باہر آ سکتا ہے۔ ان کا مؤقف ہے کہ ایران کے حوالے سے طے کیے گئے مقاصد حاصل ہو چکے ہیں، جبکہ انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ ایران میں حکومتی ڈھانچے میں تبدیلی واقع ہو چکی ہے۔