حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
پاکستان اور چین کا مشرقِ وسطیٰ کے لیے 5 نکاتی جامع منصوبہ پیش Home / پاکستان /

پاکستان اور چین کا مشرقِ وسطیٰ کے لیے 5 نکاتی جامع منصوبہ پیش

ایڈیٹر - 01/04/2026
پاکستان اور چین کا مشرقِ وسطیٰ کے لیے 5 نکاتی جامع منصوبہ پیش

بیجنگ: پاکستان اور چین نے مشرقِ وسطیٰ اور خلیجی خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں امن کے قیام کے لیے مشترکہ طور پر پانچ نکات پر مشتمل ایک اہم سفارتی منصوبہ پیش کر دیا ہے، جس کا مقصد فوری جنگ بندی، مذاکرات کے فروغ اور علاقائی استحکام کو یقینی بنانا ہے۔

ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق یہ پیش رفت بیجنگ میں چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی اور پاکستان کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے درمیان ہونے والی ملاقات کے بعد سامنے آئی، جس میں خطے کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

جاری اعلامیے میں دونوں ممالک نے فوری جنگ بندی کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے زور دیا کہ کشیدگی میں مزید اضافہ روکا جائے اور انسانی جانوں کے تحفظ کو اولین ترجیح دی جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ جنگ سے متاثرہ علاقوں تک بلا رکاوٹ انسانی امداد کی فراہمی کو بھی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا گیا تاکہ متاثرین کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

پاکستان اور چین نے خطے کے ممالک، بالخصوص ایران اور خلیجی ریاستوں کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کے احترام پر بھی زور دیا، جبکہ تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارتی ذرائع کو واحد قابلِ عمل راستہ قرار دیا۔

اعلامیے میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ تمام فریقین شہری آبادی اور غیر فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے سے گریز کریں۔ توانائی کے مراکز، پانی کی فراہمی کے منصوبے، بجلی گھر اور پرامن جوہری تنصیبات کے تحفظ کو عالمی امن کے لیے انتہائی اہم قرار دیا گیا ہے۔

مزید برآں، آبنائے ہرمز کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا گیا کہ یہ گزرگاہ عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کے لیے کلیدی حیثیت رکھتی ہے، لہٰذا اس کی سلامتی اور جہاز رانی کے تسلسل کو یقینی بنانا تمام متعلقہ ممالک کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

پاکستان اور چین نے اقوام متحدہ کے کردار کو مضبوط بنانے اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے ایک جامع امن فریم ورک کی حمایت کی، جس کے ذریعے خطے کو پائیدار استحکام کی جانب گامزن کیا جا سکے۔

دوسری جانب چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤننگ نے بھی سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں اس پانچ نکاتی حکمت عملی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک نے فوری جنگ بندی، امدادی سرگرمیوں کے فروغ اور مذاکرات کے جلد آغاز پر زور دیا ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق ایسے وقت میں جب مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی اپنی انتہا کو چھو رہی ہے، پاکستان اور چین کی جانب سے پیش کیا گیا یہ مشترکہ لائحہ عمل خطے میں امن و استحکام کی بحالی کے لیے ایک اہم اور مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔