حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
ایران معاملے پر پاک و چین مشترکہ حکمت عملی کا عندیہ، بیجنگ میں اہم سفارتی ہم آہنگی Home / بین الاقوامی /

ایران معاملے پر پاک و چین مشترکہ حکمت عملی کا عندیہ، بیجنگ میں اہم سفارتی ہم آہنگی

ایڈیٹر - 31/03/2026
 ایران معاملے پر پاک و چین مشترکہ حکمت عملی کا عندیہ، بیجنگ میں اہم سفارتی ہم آہنگی

بیجنگ :  پاکستان اور چین کے درمیان اعلیٰ سطحی سفارتی رابطوں میں ایران سے متعلق صورتحال پر قریبی تعاون بڑھانے پر اتفاق سامنے آیا ہے، جسے خطے کی بدلتی جغرافیائی سیاست میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق دونوں ممالک ہر حال میں ایک دوسرے کے اسٹریٹجک شراکت دار ہیں اور بین الاقوامی و علاقائی معاملات پر ان کے مؤقف میں نمایاں ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان اور چین ایران کے حوالے سے اپنی مشاورت اور اشتراک عمل کو مزید وسعت دیں گے۔

بیان میں کہا گیا کہ خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے دونوں ممالک مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے، جبکہ چین نے کشیدگی میں کمی لانے کے لیے اپنا تعمیری کردار برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

چینی حکام نے اس امر کی بھی تصدیق کی کہ حالیہ کشیدہ حالات کے باوجود چین کے تین تجارتی جہاز آبنائے ہرمز سے بحفاظت گزرنے میں کامیاب رہے، جس پر متعلقہ فریقین کے تعاون کو سراہا گیا۔

چین نے جاری تنازع کے دوران تاریخی ورثے کو پہنچنے والے نقصانات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام فریقین، خصوصاً امریکا اور اسرائیل، پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر عسکری کارروائیاں بند کریں اور صورتحال کو مزید بگاڑنے سے گریز کریں۔

یاد رہے کہ پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اس وقت چین کے سرکاری دورے پر موجود ہیں۔ یہ دورہ چینی وزیر خارجہ کی دعوت پر کیا جا رہا ہے، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور دیگر اہم عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال متوقع ہے۔