حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
مخصوص ممالک کے جہازوں پر ٹیکس عائد کرنے اور بعض کو گزرنے سے روکنے کی تجاویز ، ایران کی پارلیمانی کمیٹی کی آبنائے ہرمز کے لیے پالیسی منظور Home / بین الاقوامی /

مخصوص ممالک کے جہازوں پر ٹیکس عائد کرنے اور بعض کو گزرنے سے روکنے کی تجاویز ، ایران کی پارلیمانی کمیٹی کی آبنائے ہرمز کے لیے پالیسی منظور

ایڈیٹر - 31/03/2026
مخصوص ممالک کے جہازوں پر ٹیکس عائد کرنے اور بعض کو گزرنے سے روکنے کی تجاویز ، ایران کی پارلیمانی کمیٹی کی آبنائے ہرمز کے لیے پالیسی منظور

ایران نے خلیجی خطے کی سب سے اہم سمندری گزرگاہ آبنائے ہرمز پر کنٹرول مزید سخت کرنے کی تیاری شروع کر دی ہے، جس کے تحت مخصوص ممالک کے جہازوں پر ٹیکس عائد کرنے اور بعض کو گزرنے سے روکنے کی تجاویز سامنے آئی ہیں۔

ایرانی خبر رساں ادارے فارس کے مطابق پارلیمنٹ کی ایک اہم کمیٹی نے ان اقدامات کی اصولی منظوری دے دی ہے۔ کمیٹی کے ایک رکن نے تصدیق کی کہ مجوزہ پالیسی کے تحت نہ صرف امریکی اور اسرائیلی بحری جہازوں کی آمدورفت محدود کی جا سکتی ہے بلکہ ان ممالک کے جہاز بھی پابندیوں کی زد میں آ سکتے ہیں جو ایران کے خلاف عائد بین الاقوامی پابندیوں کا حصہ رہے ہیں۔

دوسری جانب عالمی خبر رساں ادارے اے ایف پی نے رپورٹ کیا ہے کہ اس نئے ٹول سسٹم کے نفاذ کا اعلان ایرانی سرکاری ٹیلی ویژن پر کیا گیا، جہاں یہ بھی بتایا گیا کہ اس اقدام کو عمان کے ساتھ باہمی تعاون سے عملی جامہ پہنایا جائے گا۔

آبنائے ہرمز عالمی توانائی سپلائی کے لیے نہایت اہم حیثیت رکھتی ہے، جہاں سے دنیا کے تقریباً پانچویں حصے کے برابر خام تیل کی ترسیل ہوتی ہے۔ تاہم حالیہ کشیدگی اور جنگی صورتحال کے باعث اس راستے پر بحری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔

بحری ڈیٹا فراہم کرنے والی کمپنی کپلر کے اعداد و شمار کے مطابق موجودہ تنازع کے آغاز کے بعد اس گزرگاہ سے جہازوں کی آمدورفت میں تقریباً 95 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس نے عالمی منڈیوں میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔