اسلام آباد: انسداد دہشت گردی عدالت میں خاور مانیکا پر مبینہ تشدد سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں عدالت نے پی ٹی آئی کے ایک وکیل کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دے دیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے کی۔ سماعت کے دوران زاہد بشیر ڈار، انصر کیانی سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے، جبکہ پی ٹی آئی وکلا کی نمائندگی کومل جدون ایڈووکیٹ نے کی۔
دورانِ سماعت عدالت نے بانی پی ٹی آئی کے وکیل فتح اللہ برکی کی عدم پیشی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انہیں گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی سے وابستہ وکلا کے خلاف یہ مقدمہ اسلام آباد کے تھانہ سیکرٹریٹ میں درج ہے، جس میں خاور مانیکا پر تشدد کا الزام عائد کیا گیا ہے۔