حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
خیبر پختونخوا میں بارش نے تباہی مچا دی، چھتیں گرنے سے 9 قیمتی جانیں ضائع، بیشتر بچے متاثر Home / پاکستان /

خیبر پختونخوا میں بارش نے تباہی مچا دی، چھتیں گرنے سے 9 قیمتی جانیں ضائع، بیشتر بچے متاثر

ایڈیٹر - 30/03/2026
خیبر پختونخوا میں بارش نے تباہی مچا دی، چھتیں گرنے سے 9 قیمتی جانیں ضائع، بیشتر بچے متاثر

خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں جاری موسلا دھار اور وقفے وقفے سے ہونے والی بارشوں نے جہاں موسم خوشگوار بنایا وہیں کئی علاقوں میں تباہی بھی پھیلادی، مختلف حادثات کے نتیجے میں کم از کم 9 افراد جاں بحق جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق جاں بحق افراد میں زیادہ تر بچے شامل ہیں، جبکہ ایک خاتون بھی جان کی بازی ہار گئی۔ بارشوں کے باعث پیش آنے والے حادثات میں 47 افراد زخمی ہوئے جنہیں مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق بنوں اور شمالی وزیرستان میں شدید بارش کے دوران گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے کے واقعات پیش آئے، جس کے نتیجے میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا اور کم از کم 6 مکانات کو نقصان پہنچا۔

دوسری جانب سوات، ہنگو، نوشہرہ، ٹانک، باجوڑ، کرک، پاراچنار، ملاکنڈ اور شمالی و جنوبی وزیرستان سمیت مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ صوبے کے مختلف اضلاع میں بارشوں کا یہ سلسلہ منگل تک وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے، جس کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ادھر پنجاب کے مختلف اضلاع سرگودھا، بھکر، لودھراں، وہاڑی، چنیوٹ، حافظ آباد اور بہاولپور میں بھی بارش ہونے سے موسم خوشگوار ہوگیا، تاہم نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔