حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
خیبرپختونخوا میں کرپشن اور سیاسی کمزوریوں کا الزام، شیر افضل مروت کی اپنی ہی قیادت پر کڑی تنقید Home / سیاست /

خیبرپختونخوا میں کرپشن اور سیاسی کمزوریوں کا الزام، شیر افضل مروت کی اپنی ہی قیادت پر کڑی تنقید

ایڈیٹر - 30/03/2026
خیبرپختونخوا میں کرپشن اور سیاسی کمزوریوں کا الزام، شیر افضل مروت کی اپنی ہی قیادت پر کڑی تنقید

ڈی آئی خان: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت نے خیبرپختونخوا حکومت کی کارکردگی پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے سرکاری اداروں میں مبینہ کرپشن اور غیر شفاف بھرتیوں پر سخت تنقید کی ہے۔
ڈی آئی خان میں میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے دعویٰ کیا کہ صوبے میں سرکاری نوکریاں میرٹ کے بجائے مالی مفادات کے تحت دی جا رہی ہیں، جس سے اداروں کی کارکردگی متاثر ہو رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کابینہ کی تشکیل میں تاخیر اور وزارتوں کی مبینہ خرید و فروخت جیسے معاملات تشویشناک ہیں، کیونکہ اس طرح ذمہ داریاں لینے والے افراد عوامی خدمت کے بجائے ذاتی نقصان پورا کرنے پر توجہ دیتے ہیں۔
شیر افضل مروت نے پارٹی کے اندرونی معاملات پر بھی کھل کر بات کی اور کہا کہ علی امین گنڈا پور کی واپسی تنظیمی مسائل کے حل کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پارٹی بانی کو درست معلومات فراہم نہیں کی جا رہیں اور انہیں زمینی حقائق سے دور رکھا جا رہا ہے۔
انہوں نے موجودہ صوبائی قیادت کو ناتجربہ کار قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ بڑے عوامی اجتماعات منعقد کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتی، جس کے باعث کارکنوں میں مایوسی بڑھ رہی ہے۔ ان کے مطابق اسمبلیوں سے استعفے اور حکومتوں کی تحلیل جیسے فیصلے سیاسی طور پر نقصان دہ ثابت ہوئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی بانی کی رہائی کے لیے محض بیانات کافی نہیں بلکہ بڑے پیمانے پر احتجاج یا فیصلہ کن مارچ کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کو اس وقت سنگین چیلنجز کا سامنا ہے اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال کے باعث معیشت پر بھی منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔
شیر افضل مروت نے خبردار کیا کہ اگر پارٹی کے اندر اصلاحات نہ کی گئیں تو سیاسی نقصان میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے، جبکہ عوامی حمایت حاصل کرنا بھی مشکل ہوتا جا رہا ہے۔