حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
ایندھن بحران کا خدشہ ٹل گیا؟ وزیراعظم کا بڑا دعویٰ اور نئی بچت مہم کا اعلان Home / پاکستان /

ایندھن بحران کا خدشہ ٹل گیا؟ وزیراعظم کا بڑا دعویٰ اور نئی بچت مہم کا اعلان

ایڈیٹر - 29/03/2026
ایندھن بحران کا خدشہ ٹل گیا؟ وزیراعظم کا بڑا دعویٰ اور نئی بچت مہم کا اعلان

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومتی بروقت فیصلوں کے باعث ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی وافر مقدار موجود ہے اور عوام کو ممکنہ بحران سے محفوظ رکھا گیا ہے۔

اسلام آباد میں وزیراعظم کی زیرِ صدارت ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس میں خطے کی کشیدہ صورتحال کے تناظر میں ایندھن کی بچت اور کفایت شعاری اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وفاقی وزراء، اعلیٰ حکام اور معاشی ٹیم نے ویڈیولنک کے ذریعے شرکت کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ حالیہ حالات میں عوامی ریلیف کو اولین ترجیح دی گئی اور گزشتہ تین ہفتوں کے دوران ہر ممکن حد تک ریلیف فراہم کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تیل کی قیمتوں میں اضافے کو روکنے کے لیے وفاقی حکومت نے 125 ارب روپے فراہم کیے، جو مختلف شعبوں میں بچت اور ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی کے ذریعے حاصل کیے گئے۔

شہباز شریف نے عوام سے اپیل کی کہ وہ قومی مفاد میں ایندھن کی بچت مہم کا حصہ بنیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور دفاتر میں ٹیلی کانفرنسنگ کو فروغ دیں تاکہ ایندھن کی کھپت کم کی جا سکے۔

انہوں نے صوبائی حکومتوں کو ہدایت دی کہ موٹرسائیکل اور رکشہ مالکان کو رجسٹریشن اپنے نام منتقل کرنے میں سہولت فراہم کی جائے، جس سے ملک بھر میں ان گاڑیوں کا ڈیٹا ڈیجیٹائز ہو سکے گا۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزراء اورنگزیب، احسن اقبال، عطا تارڑ سمیت دیگر اہم شخصیات کے علاوہ گورنر اسٹیٹ بینک اور اعلیٰ سرکاری حکام نے بھی شرکت کی، جہاں ملکی توانائی صورتحال اور آئندہ حکمت عملی پر غور کیا گیا۔