حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
خطے کی صورتحال پر بڑے فیصلوں کے اشارے، اسلام آباد میں سفارتی گہماگہمی—ترکیہ اور مصر سے اہم مشاورت، Home / پاکستان /

خطے کی صورتحال پر بڑے فیصلوں کے اشارے، اسلام آباد میں سفارتی گہماگہمی—ترکیہ اور مصر سے اہم مشاورت،

ایڈیٹر - 29/03/2026
 خطے کی صورتحال پر بڑے فیصلوں کے اشارے، اسلام آباد میں سفارتی گہماگہمی—ترکیہ اور مصر سے اہم مشاورت،

اسلام آباد :  اہم سفارتی سرگرمیوں کے دوران نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں، جن میں دوطرفہ تعلقات اور خطے کی کشیدہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

دفتر خارجہ میں ترکیہ کے وزیرِ خارجہ ہاکان فدان کے ساتھ ملاقات میں اسحاق ڈار نے پاک-ترک تعلقات کو تاریخی، برادرانہ اور مضبوط قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے روابط مشترکہ تاریخ، ثقافت اور باہمی احترام پر مبنی ہیں۔ فریقین نے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا اور اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر ایران سمیت علاقائی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی اور امن و استحکام کے لیے سفارت کاری کے تسلسل پر زور دیا گیا۔

قبل ازیں اسحاق ڈار نے مصر کے وزیرِ خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی کا خیرمقدم کیا، جہاں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری اور دفاعی تعاون سمیت مختلف شعبوں میں پیش رفت کا جائزہ لیا۔ فریقین نے مشترکہ وزارتی کمیشن اور کاروباری روابط کو فعال بنانے کی اہمیت پر اتفاق کیا۔

ملاقات میں صحت کے شعبے، خصوصاً ہیپاٹائٹس سی کے انسداد میں مصر کے تعاون کو سراہا گیا، جبکہ دفاعی اور سلامتی کے شعبوں میں تربیتی تبادلوں کے ذریعے تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا۔

علاقائی و بین الاقوامی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے دونوں ممالک نے مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے، مذاکرات کے فروغ اور سفارتی حل کی ضرورت پر زور دیا۔ اسحاق ڈار نے فلسطینی عوام کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے غزہ اور مغربی کنارے میں اسرائیلی کارروائیوں کی مذمت کی اور انسانی امداد کی فراہمی میں مصر کے کردار کو سراہا۔

فریقین نے اقوامِ متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم سمیت عالمی فورمز پر قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا، جبکہ اس دورے کو پاکستان اور مصر کے درمیان بڑھتی ہوئی سفارتی ہم آہنگی کا تسلسل قرار دیا جا رہا ہے۔