نیپال کے سابق وزیر اعظم کے پی شرما اولی کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کے پی شرما اولی کو گزشتہ روز گرفتار کیا گیا تھا۔
حکام کے مطابق کے پی شرما اولی کو گزشتہ ستمبر میں جنرل زیڈ کی قیادت میں بدعنوانی مخالف مظاہروں کے دوران درجنوں اموات کو روکنے میں ناکامی کے الزامات کا سامنا ہے۔ پولیس اس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
ادھر کے پی شرما اولی کے وکیل نے ان کی گرفتاری کو غیر قانونی قرار دیا ہے۔ دوسری جانب کے پی اولی کے سابق وزیر داخلہ رمیش لیکھ کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔
سابق وزیر اعظم کی گرفتاری اس وقت عمل میں آئی جب مظاہروں کے دوران تشدد کی تحقیقات کرنے والے ایک پینل نے سفارش کی کہ کے پی اولی کے خلاف غفلت کا مقدمہ درج کیا جائے۔
سابق وزیراعظم کے حامیوں نے ان کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کیا اور پولیس کے ساتھ جھڑپیں بھی ہوئیں۔ گزشتہ ستمبر میں پولیس کے کریک ڈاؤن، پرتشدد واقعات اور بدامنی کے دوران 76 افراد مارے گئے تھے، جس کے بعد کے پی اولی نے استعفیٰ دے دیا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ریپر سے سیاستدان بنے بلیندر شاہ نے وزیراعظم کے عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔