ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی میں بہتری کی امید پیدا ہو گئی ہے، کیونکہ 55 ہزار میٹرک ٹن موٹر پٹرول لے کر ایک اور آئل ٹینکر آج پورٹ قاسم پہنچنے والا ہے۔ حکام کے مطابق یہ کھیپ قومی ضروریات پوری کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
پورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ ’’ایم ٹی خیرپور‘‘ نامی آئل ٹینکر عمان کے شہر صحار سے درآمد شدہ پٹرول لے کر بندرگاہ پر لنگر انداز ہوگا۔ جہاز کو فوٹکو آئل ٹرمینل پر کھڑا کیا جائے گا جہاں سے پٹرول کی ترسیل کا عمل فوری طور پر شروع کر دیا جائے گا۔
دوسری جانب، ’’ایم ٹی دیرا غیرا‘‘ نامی جہاز پہلے ہی فوٹکو ٹرمینل پر موجود ہے، جس نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 32 ہزار میٹرک ٹن موٹر گیسولین آف لوڈ کر دی ہے، جبکہ اس پر موجود کل مقدار 34 ہزار 62 میٹرک ٹن تھی۔ یہ جہاز آج دوپہر 3 بج کر 30 منٹ پر روانہ ہوگا، جس کے بعد نئے آنے والے ٹینکر کے لیے جگہ خالی ہو جائے گی۔
پورٹ قاسم کی تازہ رپورٹ کے مطابق اس وقت بندرگاہ پر 11 جہاز موجود ہیں، جہاں کوئلہ، پیلی مٹر، سیمنٹ، ایل پی جی، فاسفورک ایسڈ اور بٹومین سمیت مختلف اشیاء کی لوڈنگ اور ان لوڈنگ کا عمل جاری ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ پٹرول کی اس نئی کھیپ سے ملک میں جاری طلب کو پورا کرنے میں نمایاں مدد ملے گی، جبکہ سپلائی چین میں بہتری کے آثار بھی سامنے آ رہے ہیں۔