اسلام آباد ۔ وزارت تجارت نے ایران اور وسطی ایشیائی ریاستوں کیلئے برآمدات پر فنانشل انسٹرومنٹ سے عارضی استثنا منظور کرتے ہوئے زمینی راستے کے ذریعے ایران، آذربائیجان اور وسطی ایشیائی ممالک کو برآمدات کی اجازت دے دی۔
وزارت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ تجارت کے حوالے سے تاریخی اقدام اٹھاتے ہوئے وفاقی حکومت کا برآمدات کے فروغ کیلئے بڑا فیصلہ کیا، زمینی راستے کے ذریعے ایران، آذربائیجان اور وسطی ایشیائی ممالک کو برآمدات کی اجازت دے دی گئی۔
وفاقی وزیر جام کمال خان نے کہا کہ تین ماہ کیلئے خصوصی رعایت، 24 مارچ سے 21 جون 2026 تک نافذ العمل ہوگی، وفاقی حکومت نے برآمد کنندگان کو سہولت فراہم کرنے اور علاقائی تجارت بڑھانے کیلئے یہ قدم اٹھایا ہے، ایران کو چاول، سمندری خوراک، آلو، گوشت، پیاز، مکئی اور پھلوں سمیت متعدد اشیاء برآمد کی اجازت دی ہے۔
فارما سیوٹیکل مصنوعات اور ٹینٹس کی برآمد بھی رعایت میں شامل ہے۔ سٹیٹ بینک کے ضوابط سے جزوی استثنا، برآمدی آمدن مقررہ مدت میں واپس لانے کی شرط بر قرار ہے ، وزارت تجارت کے مطابق اقدام سے مخطے میں تجارتی روابط مضبوط ہوں گے۔