لاہور سے سامنے آنے والی رپورٹس کے مطابق پاکستان کے خلاف ایک منظم ڈیجیٹل مہم کا انکشاف ہوا ہے، جس میں مبینہ طور پر بھارت اور افغانستان سے چلنے والے سوشل میڈیا نیٹ ورکس ملوث پائے گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس مہم کے تحت جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے پاکستان مخالف بیانیہ تشکیل دیا گیا، جبکہ بعض اکاؤنٹس کو ایرانی شناخت دے کر مصنوعی ردعمل پیدا کرنے کی کوشش کی گئی۔ تحقیقات کے مطابق ان سرگرمیوں کی منصوبہ بندی، نگرانی اور حکمت عملی کی سمت بھارتی نیٹ ورکس سے منسلک رہی۔
رپورٹس میں مزید بتایا گیا ہے کہ اس ڈیجیٹل آپریشن کا مقصد نہ صرف پاکستان بلکہ خطے کے دیگر ممالک، خصوصاً ایران اور امریکا کے درمیان بداعتمادی کو فروغ دینا تھا، تاکہ علاقائی استحکام اور سفارتی تعلقات کو متاثر کیا جا سکے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق اس مہم میں خفیہ نیٹ ورکس کے ذریعے جعلی میڈیا پلیٹ فارمز اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس استعمال کیے گئے، جنہوں نے بے بنیاد الزامات اور گمراہ کن معلومات پھیلا کر پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس طرح کی منظم ڈس انفارمیشن مہمات خطے میں کشیدگی بڑھانے اور عوامی رائے کو متاثر کرنے کا ایک خطرناک ذریعہ بن چکی ہیں، تاہم ان کا بروقت سراغ لگا کر پاکستان نے اپنے دفاعی اور سفارتی کردار کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا ہے۔