حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
کیوبا امریکا کا اگلا ہدف، ٹرمپ کا متنازعہ بیان نے نئی بحث کو جنم دیا۔ Home / بین الاقوامی /

کیوبا امریکا کا اگلا ہدف، ٹرمپ کا متنازعہ بیان نے نئی بحث کو جنم دیا۔

ایڈیٹر - 28/03/2026
 کیوبا امریکا کا اگلا ہدف، ٹرمپ کا متنازعہ بیان نے نئی بحث کو جنم دیا۔

میامی: ڈونلڈ ٹرمپ کے ایک حالیہ بیان نے بین الاقوامی سطح پر نئی بحث کو جنم دے دیا ہے۔ میامی میں منعقدہ ایک سرمایہ کاری فورم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے عندیہ دیا کہ کیوبا ممکنہ طور پر امریکا کی اگلی توجہ کا مرکز بن سکتا ہے، تاہم انہوں نے اپنے بیان کی مکمل وضاحت نہیں کی۔

اپنی گفتگو میں ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے ایک مضبوط فوج تشکیل دی ہے جسے بعض اوقات استعمال کرنا ضروری ہو جاتا ہے، اور اسی تناظر میں کیوبا کا ذکر کیا، لیکن ساتھ ہی اس بات کو زیادہ اہمیت نہ دینے کا بھی کہا۔ ان کے اس مبہم بیان نے صورتحال کو مزید غیر واضح بنا دیا ہے۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکا اپنی حالیہ پالیسیوں کو ایران اور وینزویلا کے حوالے سے کامیاب قرار دے رہا ہے۔ رپورٹس کے مطابق امریکی قیادت کا خیال ہے کہ کیوبا اس وقت شدید معاشی دباؤ کا شکار ہے اور اس کی حکومت کمزور ہو رہی ہے۔

دوسری جانب کیوبا کی قیادت نے تصدیق کی ہے کہ واشنگٹن کے ساتھ پسِ پردہ رابطے جاری ہیں، جن کا مقصد کسی بھی ممکنہ کشیدگی یا تصادم سے بچنا ہے۔

معاشی ماہرین کے مطابق وینزویلا سے تیل کی فراہمی میں کمی کے بعد کیوبا کو ایندھن، بجلی اور ٹرانسپورٹ جیسے شعبوں میں سنگین مسائل کا سامنا ہے، جس نے بحران کو مزید گہرا کر دیا ہے۔

سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کے بیان نے نہ صرف لاطینی امریکا بلکہ عالمی سطح پر بھی تشویش کو بڑھا دیا ہے، کیونکہ اسے مستقبل میں ممکنہ سیاسی یا عسکری اقدامات کے اشارے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔