حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
سستا پیٹرول اب موبائل پر؟ حکومت کا ڈیجیٹل پلان منظر عام پر Home / پاکستان /

سستا پیٹرول اب موبائل پر؟ حکومت کا ڈیجیٹل پلان منظر عام پر

ایڈیٹر - 27/03/2026
سستا پیٹرول اب موبائل پر؟ حکومت کا  ڈیجیٹل پلان منظر عام پر

اسلام آباد:  بڑھتے ہوئے توانائی بحران کے تناظر میں حکومت نے کم آمدن طبقے کو ریلیف دینے کے لیے پیٹرول پر سبسڈی کی فراہمی کا نیا ڈیجیٹل نظام متعارف کرانے کی تیاری مکمل کر لی ہے، جس میں موبائل ایپ مرکزی کردار ادا کرے گی۔

ذرائع کے مطابق وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی نے اس منصوبے کے تحت 24 ہزار اسمارٹ فونز کی خریداری کے لیے اظہار دلچسپی طلب کیا ہے۔ یہ ڈیوائسز ملک بھر کے پیٹرول پمپس پر فراہم کی جائیں گی تاکہ سبسڈی کی تقسیم کو جدید اور شفاف بنایا جا سکے۔

منصوبے کے تحت نیشنل آئی ٹی بورڈ موبائل فونز کی قیمتوں کا تعین کرے گا، جبکہ آئل مارکیٹنگ کمپنیاں ان کی خریداری اور تقسیم کی ذمہ دار ہوں گی۔ حکمت عملی کے مطابق تقریباً 12 ہزار پیٹرول پمپس پر دو، دو موبائل فونز مہیا کیے جائیں گے۔

حکومتی پلان کے مطابق ہر پیٹرول پمپ پر مخصوص نوزلز مختص کیے جائیں گے جہاں رعایتی نرخوں پر پیٹرول فراہم کیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے تیار کی گئی موبائل ایپ اس وقت آزمائشی مراحل میں ہے اور جلد ہی اسے باضابطہ طور پر لانچ کیے جانے کا امکان ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس نظام کے تحت صارفین کو ڈیجیٹل واؤچرز جاری کیے جائیں گے، جن کی بنیاد پر سبسڈی دی جائے گی۔ ابتدائی مرحلے میں موٹر سائیکل استعمال کرنے والوں کو ترجیح دیتے ہوئے ماہانہ 20 لیٹر تک رعایتی پیٹرول فراہم کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔

تاہم چھوٹی گاڑیوں، خصوصاً 800 سی سی تک کی گاڑیوں کو اس سہولت میں شامل کرنے سے متعلق ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ دوسری جانب حکومت نے اس منصوبے کی شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے ملک بھر کے پیٹرول پمپس کی نگرانی کا عمل بھی تیز کر دیا ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ اقدام نہ صرف سبسڈی کے نظام کو مؤثر بنا سکتا ہے بلکہ مستحق صارفین تک براہ راست ریلیف پہنچانے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔