اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالتوں نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے کیس میں عدم پیشی پر ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔
عدالت میں پیش کیے گئے مقدمے میں سہیل آفریدی کے خلاف ریاستی اداروں پر گمراہ کن الزامات لگانے اور اداروں کی ساکھ کو داغدار کرنے کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ سماعت کے دوران عدم پیشی پر سینئر سول جج عباس شاہ نے سہیل آفریدی کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔
عدالت نے کیس کی مزید سماعت 9 اپریل تک ملتوی کر دی، سہیل آفریدی کے خلاف یہ مقدمہ این سی سی آئی اے نے پی ای سی اے ایکٹ کے تحت درج کیا ہے۔
قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ ناقابل ضمانت وارنٹ جاری ہونے کے بعد وزیراعلیٰ کے پی کے کی سیاسی اور قانونی محاذ پر مشکلات بڑھ سکتی ہیں، آئندہ سماعت میں صورتحال مزید واضح ہو جائے گی۔