تہران: اسلامی پاسداران انقلاب کور (آئی آر جی سی) نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایران کی مرکزی فضائی حدود میں اسرائیل کے ایک ایف 16 فائنگ فالکن لڑاکا طیارے کو کامیابی سے نشانہ بنایا ہے، تاہم اسرائیلی فوج نے اس دعوے کی سختی سے تردید کر دی ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق پاسداران انقلاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جمعہ کی صبح مقامی وقت کے مطابق 3 بج کر 45 منٹ پر اسرائیل کے زیرِ استعمال ایک ایف-16 طیارے کو ایران کے وسطی علاقے میں ہدف بنایا گیا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ اس کارروائی میں آئی آر جی سی کی ایرو اسپیس فورس کے جدید فضائی دفاعی نظام کو استعمال کیا گیا، جس کے ذریعے طیارے کو تباہ کیا گیا۔ ایرانی حکام کے مطابق یہ اسرائیل کا تیسرا امریکی ساختہ ایف-16 طیارہ ہے جسے ایران کے فضائی دفاعی یونٹس نے نشانہ بنایا ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے ایرانی دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے کسی طیارے کو نقصان نہیں پہنچا، اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی تصدیق شدہ واقعہ پیش آیا ہے۔
دونوں ممالک کے متضاد بیانات کے باعث اس دعوے کی آزاد ذرائع سے تصدیق تاحال ممکن نہیں ہو سکی ہے۔