پشاور: فیلڈ مارشل نے عید کے موقع پر افسران اور جوانوں سے ملاقات کے دوران انہیں دلی مبارکباد پیش کی اور ملکی دفاع میں ان کی پیشہ ورانہ مہارت، بلند حوصلے اور غیر متزلزل عزم کو سراہا۔
اپنے خطاب میں انہوں نے سیکیورٹی فورسز کی جرأت اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کا ذکر کیا۔ فیلڈ مارشل نے بالخصوص آپریشن “غضبُ اللحق” کے دوران پیش رفت کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کا بنیادی مقصد دہشت گرد نیٹ ورکس کا خاتمہ اور سرحدی علاقوں میں پائیدار امن کا قیام ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی سرزمین کے خلاف سرگرمیوں میں ملوث عناصر کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، خصوصاً وہ گروہ جو سرحد پار محفوظ ٹھکانوں سے کارروائیاں کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہیے اور خطے میں امن کے لیے تمام فریقین کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
فیلڈ مارشل نے مختلف فارمیشنز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ان کامیابیوں کو شہداء کی قربانیوں اور افسران و جوانوں کے عزم کا نتیجہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلح افواج ملک کی خودمختاری اور جغرافیائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔
دورے کے موقع پر پشاور میں تعینات کور کمانڈر نے فیلڈ مارشل کا استقبال کیا، جبکہ اس موقع پر سیکیورٹی صورتحال اور آپریشنل امور پر بھی بریفنگ دی گئی۔