اسلام آباد: مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے شوال 1447 ہجری کا چاند نظر نہ آنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے، جس کے بعد ملک بھر میں عیدالفطر ہفتہ 21 مارچ کو منائی جائے گی۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ملک کے مختلف حصوں سے چاند نظر آنے کی کوئی مستند شہادت موصول نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد سمیت کسی بھی علاقے سے رویت کی تصدیق نہیں ہو سکی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ لاہور میں زونل رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کے دوران بھی چاند دیکھے جانے کی کوئی قابلِ اعتماد اطلاع سامنے نہیں آئی، جس کے بعد متفقہ طور پر اعلان کیا گیا کہ شوال کا چاند نظر نہیں آیا۔
چیئرمین رویت ہلال کمیٹی کے مطابق تمام شواہد اور اطلاعات کا بغور جائزہ لینے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ رمضان المبارک کے تیس روز مکمل کیے جائیں گے، اور عیدالفطر ہفتہ کے روز منائی جائے گی۔