اسلام آباد: مرزی رؤیت ہلال کمیٹی کے سیکرٹری جنرل نے عیدالفطر کے چاند سے متعلق فلکیاتی اندازوں کی بنیاد پر اہم پیشگوئی جاری کر دی ہے، جس کے مطابق ملک میں 19 مارچ 2026 کو شوال کا چاند نظر آنے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ نئے قمری مہینے کا چاند 19 مارچ کی صبح پاکستانی وقت کے مطابق طلوع تو ہو جائے گا، تاہم غروبِ آفتاب کے وقت اس کی عمر انتہائی کم ہونے کے باعث اسے عام آنکھ سے دیکھنا ممکن نہیں ہوگا۔ ماہرین کے مطابق چاند کی واضح رویت کے لیے اس کی عمر کا ایک مخصوص حد تک پہنچنا ضروری ہوتا ہے، جو اس روز پوری نہیں ہو رہی۔
مزید بتایا گیا ہے کہ ملک کے بڑے شہروں جیسے کراچی اور پشاور میں غروبِ آفتاب اور غروبِ قمر کے درمیان وقفہ بھی محدود ہوگا، جو ہلال کی رویت کے لیے درکار معیاری وقت سے کم ہے، جس کی وجہ سے چاند نظر آنے کے امکانات مزید کم ہو جاتے ہیں۔
ان فلکیاتی شواہد کی بنیاد پر امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ رمضان المبارک 30 دن مکمل کرے گا اور عیدالفطر 21 مارچ 2026 بروز ہفتہ منائی جائے گی۔ تاہم حتمی اعلان حسب روایت مرکزی رویت ہلال کمیٹی اپنے اجلاس میں شہادتوں کی روشنی میں کرے گی۔