اسلام آباد: مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور جنگ بندی کی صورتحال کے اچانک بگڑنے کے باعث پاکستان سے بین الاقوامی پروازوں کا نظام شدید متاثر ہو گیا ہے، جس کے نتیجے میں ملک کے مختلف بڑے ہوائی اڈوں سے متعدد پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سمیت ملک کے 8 بڑے ایئرپورٹس سے مجموعی طور پر 101 پروازیں منسوخ کی جا چکی ہیں، جس سے ہزاروں مسافر متاثر ہوئے ہیں۔ منسوخ ہونے والی پروازوں میں خلیجی اور مشرقِ وسطیٰ کے اہم شہروں جیسے ابو ظہبی، بحرین، شارجہ، کویت، دوحہ، تہران، بغداد، باکو اور دبئی کے روٹس شامل ہیں۔
ایئرپورٹ حکام کا کہنا ہے کہ لاہور ایئرپورٹ پر پروازوں کی منسوخی کی تعداد نمایاں حد تک بڑھ چکی ہے، جبکہ مسافروں کی بڑی تعداد کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ متعدد مسافر ایئرپورٹ پہنچنے کے بعد پروازوں کی منسوخی کے باعث واپس لوٹنے پر مجبور ہو گئے۔
ایئر لائنز نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ روانگی سے قبل اپنی پروازوں کی تازہ ترین صورتحال ضرور معلوم کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ پریشانی سے بچا جا سکے۔
مزید برآں، متحدہ عرب امارات کے لیے خصوصی پروازوں کا سلسلہ بھی عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔ ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق گزشتہ 18 دنوں کے دوران ملک بھر کے مختلف ایئرپورٹس سے تقریباً 2000 پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں، جس نے فضائی سفر کے نظام کو بری طرح متاثر کر دیا ہے اور مسافروں کو غیر معمولی مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔