حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
25 مارچ تک موسم کا پلٹا، بارشیں، آندھیاں اور ژالہ باری،کن علاقوں میں کیا ہوگا؟ Home / پاکستان /

25 مارچ تک موسم کا پلٹا، بارشیں، آندھیاں اور ژالہ باری،کن علاقوں میں کیا ہوگا؟

ایڈیٹر - 17/03/2026
25 مارچ تک موسم کا پلٹا، بارشیں، آندھیاں اور ژالہ باری،کن علاقوں میں کیا ہوگا؟

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک بھر میں بدلتے موسمی حالات کے پیش نظر الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ آج سے 25 مارچ تک مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں اور تیز ہواؤں کا امکان ہے۔

الرٹ کے مطابق اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے متعدد مقامات پر وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے، جبکہ بعض علاقوں میں تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔ بلوچستان میں 23 مارچ تک آندھی اور بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ ملک میں داخل ہو چکا ہے، جس کے باعث 18 سے 20 مارچ کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع متاثر ہوں گے۔ اس دوران بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے، جس سے فصلوں اور معمولات زندگی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

بالائی پنجاب کے شہروں، خصوصاً راولپنڈی، اٹک، چکوال، سرگودھا اور میانوالی میں شام اور رات کے اوقات میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

لاہور میں آئندہ دو روز کے دوران وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے، جس سے موسم خوشگوار ہو جائے گا جبکہ عید کے دنوں میں درجہ حرارت میں کمی متوقع ہے۔ دوسری جانب کراچی میں اگلے 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، جہاں درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔

متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ممکنہ موسمی صورتحال کے پیش نظر پیشگی اقدامات یقینی بنائیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔